بیٹنگ اور بولنگ فیل، پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست
کرائسٹ چرچ: تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تمام شعبوں میں چت کرکے 9 وکٹوں کی ہزیمت سے دوچار کیا۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹ پر 130 رنز بنائے۔ کوئی بھی بلے باز قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا۔
میچ میں پاکستان کی جانب سے باؤنڈریز کی تعداد کم رہی، پورے میچ میں ایک بھی چھکا نہیں لگا اور ٹیم نے مجموعی طور پر میچ میں 15 چوکے لگائے۔
قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابر اعظم 21، رضوان 16، شان مسعود 14، شاداب 8 اور حیدر علی 8 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، محمد نواز صفر اور وسیم جونیئر 1 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ آصف علی نے 25 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی،حارث رؤف کی جگہ نسیم شاہ کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا۔
نیوزی لینڈ کے ٹم سودھی، مچل سینٹنر اور مائیکل بریس ویل نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ایش سوڈھی ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔
نیوزی لینڈ نے 131 رنز کے ہدف کے تعاقب کا آغاز انتہائی شاندار طریقے سے کیا، اوپنرز فن ایلن اور ڈیون کونوے میں بڑی پارٹنرشپ رہی، دونوں اوپنرز نے پاکستان بولرز کی خوب دھلائی کی اور117 رنز شراکت داری بنائی۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 117 رنز پر گری جب فن ایلن کو شاداب خان نے 62 رنز پر آؤٹ کیا، نیوزی لینڈ نے 23 گیندوں قبل ہدف حاصل کیا، ڈیون کونوے 49 اور کین ولیمسن 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے صرف شاداب خان ہی ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔
واضح رہے کہ پاکستان اپنے دونوں ابتدائی مقابلوں میں بنگلادیش اور نیوزی لینڈ کو شکست سے دوچار کرچکا ہے۔