کورونا کی تباہ کاریاں، بنگلادیش نے بھارت کیساتھ سرحد بند کردی
ڈھاکا: کورونا کی تباہ کاریوں اور خراب صورت حال کے باعث بنگلادیش نے بھی بھارت کے ساتھ اپنی سرحد بند کردی ہے۔
کورونا وائرس کی بدتر صورت حال کے باعث بنگلادیش نے بھارت کے ساتھ 14 دن کے لیے سرحد بند کرنے کا اعلان کیا ہے، بنگلادیشی وزیر خارجہ عبدالمیمن نے ایک پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ کورونا کی بگڑتی صورت حال کی وجہ سے سرحد بند کی جارہی ہے، تاہم دونوں ممالک کے درمیان تجارت جاری رہے گی۔
بنگلادیشی وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں کی واپسی کے لیے تین مقامات پر سرحد کھلی رکھی ہوئی ہے، جہاں سے بنگلادیش کے شہری کووڈ کی منفی رپورٹ دکھا کر واپس آسکتے ہیں۔
دوسری جانب تھائی لینڈ اور نیدرلینڈ نے بھی بھارت سے آنے والے مسافروں پر پابندیاں عائد کردی ہیں جب کہ بنگلادیش پہلے ہی بھارت کے ساتھ فضائی سفر پر پابندی لگاچکا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کی صورت حال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ 52 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ مزید 2 ہزار 812 مریض جان کی بازی ہار گئے۔