بلوچستان کی ہر طرح سے مدد کریں گے، وزیراعظم

تربت: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وفاق کی مضبوطی کے لیے تمام اکائیوں کی یکساں ترقی ضروری ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا تربت میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تربت کے عوام پاکستان کا مستقبل ہیں، وفاق کی مضبوطی کے لیے تمام اکائیوں کی یکساں ترقی ضروری ہے، بلوچستان پر سب سے زیادہ فنڈنگ کررہے ہیں اور ہم بلوچستان کی ہر طرح سے مدد کریں گے کیوں کہ بلوچستان ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان میں فنڈنگ نہ ہونے کی وجہ سے یہ صوبہ پیچھے چلا گیا، بلوچستان میں کبھی بھی اتنی فنڈنگ نہیں ہوئی جتنی ہماری حکومت نے کی، انسانوں پر سرمایہ کاری کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، کامیابی کے حصول کا کوئی شارٹ کٹ نہیں، برے وقت اور ناکامی کا سامنا کرنا اور سیکھنا چاہیے، انسان جب تک ہار نہیں مانتا اور ہر مشکل سے سیکھتا ہے، انسان کچھ بھی کرسکتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ تعلیم کے بغیر کسی معاشرے نے ترقی نہیں کی، علم انسان کو دیگر مخلوقات سے منفرد بناتا ہے آج ہم پیچھے رہ گئے ہیں، اور جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں وہاں تعلیم بھی کم ہے، اب ٹیکنالوجی کے ذریعے دوردراز علاقوں میں بھی تعلیم حاصل کی جاسکتی ہے، کورونا کے دنوں میں ورچوئل تعلیم کا آغاز ہوا۔
عمران خان نے کہا کہ کئی سو سال تک دنیا کے بڑے سائنس دان مسلمان رہے، اللہ نے انسان کو طاقت دی ہے کہ وہ ہر خواب پورا کرسکتا ہے، طلبا کی تعلیم کے لیے ہر ممکن مدد کریں گے، طلبا میں تجزیہ کرنے کی صلاحیت زیادہ ہوتی ہے، پنجاب حکومت نے بلوچستان کے لیے تعلیمی اسکالرشپس بڑھانے کا اعلان کیا ہے اور 185 سے بڑھا کر 360 کررہے ہیں، پنجاب حکومت بلوچستان میں اسپتال بھی بنارہی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔