کسی ٹیم کو ہلکا نہیں لے رہے، بابراعظم

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ نیدرلینڈ اور ایشیا کپ کے لیے جو بہترین ٹیم دستیاب تھی وہ ہم نے پاکستان کے لیے منتخب کی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان کا دورہ نیدر لینڈ اور ایشیا کپ کے لیے روانگی سے قبل کہنا تھا کوئی بھی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر آسان نہیں ہوتی، ہم کسی ٹیم کو ہلکا نہیں لے رہے۔
شعیب ملک کی ٹیم میں واپسی سے متعلق سوال پر بابر اعظم کا کہنا تھا میں نے کوچ اور سلیکٹرز کے ساتھ مشاورت کے بعد جو بہترین ٹیم تھی پاکستان کے لیے وہ منتخب کی ہے، نیدر لینڈ کے فوری بعد ایشیا کپ ہے اس لیے ٹیم میں تبدیلی کا کوئی چانس نہیں ہے۔
بابر کا کہنا تھا کہ ون ڈے میچز کافی دیر بعد ہورہے ہیں، نئے کھلاڑیوں کو ضرور چانس دیں گے، ٹیم کوئی بھی ہو ہم سب کو پاکستان کے لیے کھیلنا ہے۔
کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اپنی ٹیم پر یقین ہے کہ سب اچھا پرفارم کریں گے، شاداب کی ٹیم میں واپسی کا فائدہ ہوگا، ٹیم پر کوئی دباؤ نہیں، کھلاڑی اپنی فٹنس پر کام کررہے ہیں۔
عماد وسیم کی ٹیم میں واپسی سے متعلق سوال پر قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کسی کے لیے بھی ٹیم کے دروازے بند نہیں ہوتے لیکن اس وقت محمد نواز اچھا پرفارم کر رہا ہے، البتہ پاکستان کو جب بھی ضرورت پڑے گی تو انہیں ضرور ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔
حسن علی سے متعلق سوال پر بابر اعظم کا کہنا تھا کہ حسن علی کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے کیونکہ وہ ایک ٹیم مین ہے لیکن بدقسمتی سے ابھی اس کی فارم نہیں چل رہی، امید ہے وہ ڈومیسٹک میں پرفارم کرے گا اور واپس ٹیم میں آئے گا۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میں تمام کھلاڑیوں پر یقین رکھتا ہوں، پوری ٹیم ہی ٹرمپ کارڈ ہے، یقین رکھتا ہوں کہ جو بھی کھلاڑی وکٹ پر کھڑا ہے وہ میچ جتوا کر ہی آئے گا اور ماضی میں اس کی مثالیں دیکھ چکے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم آج رات نیدرلینڈ کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے روانہ ہوگی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔