زمبابوے سے شکست بڑی تکلیف دہ ہے، بابراعظم

ہرارے: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کمزور ترین حریف سے ہار کو تکلیف دہ قرار دے دیا۔
دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں زمبابوے کے ہاتھوں شکست کے بعد بابر اعظم سے سوال کیا گیا کہ جنوبی افریقا میں 200سے زائد کا ہدف بھی حاصل کرلیا، اب ایک کمزور ٹیم کے مقابل 119 رنز بھی نہیں بناسکے، اس کی کیا وجہ تھی۔
جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ شکست بڑی تکلیف دہ ہے، گرین شرٹس کو یک طرفہ فتح حاصل کرنا چاہیے تھی، ہم نے بہت ہی خراب کرکٹ کھیلی، ہماری مڈل آرڈر بیٹنگ مشکلات کا شکار ہے مگر اس میچ میں تو پوری بیٹنگ لائن ہی متزلزل ہوگئی، اوپنر رنز نہیں کرسکے، بعدازاں دیگر بیٹسمین بھی وکٹیں گنواتے رہے، پورا بیٹنگ یونٹ ہی لڑکھڑا گیا، زمبابوے کے بولرز کو بھی کریڈٹ دینا چاہیے کہ انہوں نے سیریز میں زبردست کم بیک کرتے ہوئے اپنی کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔
ایک سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ پچ میں ڈبل پیس تھا لیکن یہ اتنی مشکل نہیں اور پہلے میچ جیسی ہی تھی، بطور پروفیشنل بیٹنگ لائن کو ہر طرح کی کنڈیشنز میں پرفارم کرنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں زیادہ وقت باقی نہیں رہا، ہمیں بہت جلد بیٹنگ میں مسائل کا حل تلاش کرنا ہوگا، مڈل آرڈر کو قدموں پر کھڑا کرنے کی کوشش کریں گے، کوشش ہوگی کہ اگلے میچ میں بہتر کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے رنز بنائیں اور اچھا مجموعہ حاصل کریں۔
انہوں نے کہا کہ بولرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا مگر سیریز جیتنے کے لیے ہمیں بیٹنگ میں اپنی خامیوں پر قابو پانا ہوگا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔