بابر اعظم تینوں فارمیٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے دستبردار

لاہور: قومی ٹیم کی ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی پر کپتان بابراعظم تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہوگئے۔
بابر اعظم نے پی سی بی کی جانب سے صرف ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کی پیشکش قبول کرنے سے انکار کردیا۔
بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے تمام فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ میں نمبر ون بننا تمام کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ تھا، قیادت سے دستبرداری مشکل فیصلہ تھا، کپتانی چھوڑنے کا یہ درست وقت ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ تینوں فارمیٹ میں بطور کھلاڑی پرفارمنس جاری رکھوں گا، نئے کپتان کو اپنے تجربے کی بنیاد پر سپورٹ کروں گا، اس ذمے داری کے لیے اعتماد پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ۔
خیال رہے کہ آج پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے بابر اعظم سے لاہور میں ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں بابر اعظم کو وائٹ بال کرکٹ کے لیے نیا کپتان لانے کا بتایا گیا، البتہ پی سی بی کی جانب سے انہیں صرف ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کی پیشکش کی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پی سی بی کی پیشکش ٹھکراتے ہوئے بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے انکار کردیا تھا۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے انکار کے بعد میٹنگ سے چلے گئے تھے۔
تاہم بعد ازاں انہوں نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے دستبرداری کا اعلان کیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔