بابراعظم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان ٹیم کے کپتان مقرر

لاہور: بابراعظم کو ایک مرتبہ پھر ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی طرز کی کرکٹ میں پاکستان ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات کے بعد بابراعظم کو ٹی 20 اور ون ڈے فارمیٹ میں گرین شرٹس کی قیادت دوبارہ سونپ دی گئی ہے۔
گزشتہ برس آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث بابراعظم تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے دستبردار ہوگئے تھے، جس کے بعد پی سی بی نے شاہین آفریدی کو ٹی20 اور شان مسعود کو ٹیسٹ کا کپتان مقرر کردیا تھا تاہم ون ڈے کے کپتان کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا۔
دوسری جانب شاہین آفریدی کو کپتانی ملنے کے بعد محض ایک ٹی20 سیریز میں قیادت کا موقع فراہم کیا گیا، جس میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
خیال رہے کہ بابر اعظم 52 ٹیسٹ، 117 ون ڈے اور 109 ٹی20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں جب کہ ٹی 20 ورلڈکپ سمیت 71 ٹی 20 میچز میں پاکستان ٹیم کی کپتانی کا اعزاز حاصل ہے۔
بابراعظم کی کپتانی میں پاکستان نے 42 ٹی ٹوئنٹی میچز جیتے اور 23 میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ ان کی قیادت میں پاکستان ٹیم آج تک کوئی ٹرافی نہیں جیت سکی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔