کوئی دباؤ نہیں، بطور کپتان پہلا ٹیسٹ کھیلنے پر بہت خوش ہوں: بابراعظم

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ منگل سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے جنوبی افریقا کے خلاف بھرپور منصوبہ بندی کرلی ہے۔
بابراعظم نے ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا کہ کراچی ٹیسٹ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، پلیئنگ الیون میں نے ہی تشکیل دینی ہے، کھلاڑیوں کے انتخاب میں ہیڈ کوچ سے مشاورت کروں گا، ٹیم کے حوالے سے حتمی فیصلہ میرا ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ کے لیے بھرپور پلان بنایا ہے اس پر مکمل عمل کریں گے، پاکستان ٹیم کا دارومدار صرف میرے اوپر نہیں، دیگر کھلاڑیوں کا بھی کردار ہوتا ہے، اظہر علی، محمد رضوان اور فواد عالم بہترین بیٹسمین ہیں، میری کار کردگی بھی کھلاڑیوں کی وجہ سے ہوتی ہے، کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم کے لیے بہتر کروں، میدان میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ضروری ہوتی ہے، قیادت کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے ساتھ جارحیت اچھی نہیں لگتی، ٹی وی پر دیکھنے والوں کو بھی برا لگتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں روایتی وکٹ کا سامنا ہوگا، نیشنل اسٹیڈیم کی وکٹ روایتی طور پر سلو ہے، وکٹ کو دیکھ کر پلان تیار کیا ہے، ٹاس جیتنے کی صورت میں ہی فیصلہ کریں گے کہ پہلے بیٹنگ کرنی ہے یا فیلڈنگ کو ترجیح دیں گے، ہر کھلاڑی کا اپنا پلان ہوتا ہے، ٹیم پلان بھی کھیل کا حصہ ہوتا ہے، ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتر کارکردگی دکھا کر آنے والے کھلاڑیوں کے لیے سیکھنے کے مواقع ہیں، نئے کھلاڑی اگر ٹیم میں نہیں آتے تو ان کی کرکٹ ختم نہیں ہوگی، نوجوان کھلاڑیوں نے بہت متاثر کیا، ان میں اچھے اسپنرز اور بیٹسمین موجود ہیں، باصلاحیت کھلاڑیوں کو محنت جاری رکھنی چاہیے، مستقبل میں پاکستان آنے والی ٹیموں کے خلاف ان کو مواقع مل سکتے ہیں، تماشائیوں کے بغیر کھیلنے کا مزا نہیں آتا، ہم تماشائیوں کو مس کرتے ہیں۔ تماشائی بھی گراؤنڈ میں آنے کے خواہاں ہیں۔
کرکٹ کے مداح گھروں پر بیٹھ کر ہمیں بہتر مشورہ دیتے ہیں، امید ہے کہ کرکٹ کے مداح قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں گے، محمد حفیظ کے حوالے سے سوال کا جواب ٹیسٹ سیریز کے بعد ہی دے سکوں گا، بطور کپتان پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے پر بہت خوش ہوں، مجھ پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہے، کوچ کی معاونت کے بغیر ٹیم نہیں بنائی جاسکتی، اچھا کھیلیں گے تو جیتیں گے، خراب کیا تو ہاریں گے، خوش آئند بات کہ بڑی ٹیم سے مقابلہ ہے، ہم نے پریکٹس میں بھرپور محنت کی ہے، کوشش کریں گے اچھے نتائج آئیں، جنوبی افریقا کے خلاف ریکارڈ خراب ہے مگر اس بارے میں نہیں سوچ رہے، انجری کے سبب نیوزی لینڈ میں بدقسمتی سے نہیں کھیلنے کا افسوس ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔