متکبرانہ سوچ مودی کی تباہی ثابت ہوگی، اب کشمیر آزاد ہوگا، وزیراعظم

مظفر آباد: وزیراعظم پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت میں حالات اب بگڑتے جائیں گے، مودی حکومت بند گلی میں پھنس چکی اور اب کشمیر آزاد ہوگا۔
مظفرآباد میں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم عمران خان سمیت صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران آزاد کشمیر قانون سازی اسمبلی میں بھارتی اقدام کے خلاف مذمتی قرارداد بھی پیش کی گئی جس کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔
آزاد کشمیر اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جو صلاحیت پاکستان میں ہے کسی ملک میں نہیں اور پاکستانیوں کو اپنی صلاحیت کا خود بھی اندازہ نہیں، ملک کو تیزی سے اوپر جاتے دیکھا اور پھر نیچے کی جانب آتے دیکھا، 60 کی دہائی میں پاکستان کو دنیا میں مانا جاتا تھا، دنیا کی تاریخ دیکھیں تو قوم اصولوں پر چلتی ہے تو اوپر جاتی ہے اور اصولوں سے ہٹ جاتی ہے تو نیچے آجاتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کشمیریوں کو ایسی صورت حال سے گزار رہا ہے جس کا اختتام آزادی ہے، مودی گزشتہ سال 5 اگست کو بہت بڑی غلطی کر بیٹھا ہے، مودی نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بہت بڑی اسٹرٹیجک غلطی کی۔
انہوں نے کہا کہ مودی نے ہندو کارڈ کھیل کر الیکشن جیتا، پاکستان کے خلاف نفرت کی مہم چلائی، مودی نے پلوامہ واقعے کو پاکستان کے خلاف نفرت کے لیے استعمال کیا، بھارت کو بار بار کہا آپ ایک قدم بڑھاؤ ہم دو بڑھائیں گے، ہم نے بات چیت کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حل کی پیشکش کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مودی سمجھتا تھا غیرقانونی اقدام پر دنیا خاموش رہے گی تاہم گزشتہ ایک سال میں دنیا میں مسئلہ کشمیر بھرپور طریقے سے اٹھایا گیا، بھارت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کشمیرکی آبادی کا تناسب بدلنا چاہتا تھا جب کہ چین سے خوف زدہ مغربی ممالک بھارت کو استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارتی حکومت کی تمام سرگرمیوں کے پیچھے تکبر ہے، مودی کی متکبرانہ سوچ اس کی تباہی ثابت ہوگی، روس نے تکبر کی وجہ سے اپنی فوج تباہ کرلی جب کہ مودی کی اصلیت آج دنیا کے سامنے آگئی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی اقدامات کے نتیجے میں بھارت کو پسپائی ہوئی اور عالمی سطح پر پاکستان کے بیانیے کو پذیرائی ملی ہے، آج دنیا کشمیر کی طرف دیکھ رہی ہے، کشمیر کے لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ظلم کے باوجود کشمیریوں نے سری نگر میں پاکستان کا جھنڈا اٹھایا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیری نوجوان موت سے بے خوف ہیں، بھارت کا کشمیریوں سے متعلق جو پلان ہے اس میں کامیاب نہیں ہوسکتا، بھارت میں حالات اب بگڑتے جائیں گے، مودی حکومت بند گلی میں پھنس چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتے رہیں گے، کشمیریوں کی جدوجہد کے نتیجے میں کشمیر آزاد ہوگا، ہم نے مکمل منصوبہ بندی کررکھی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کا حل ہونا چاہیے، پاکستان کے سیاسی نقشے کا اجراء ایک اہم قدم ہے جب کہ سید علی گیلانی کو نشان پاکستان سے نوازیں گے، سید علی گیلانی بڑے لیڈر ہیں اور ان کی طویل جدوجہد ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے خطاب میں کہا کہ نریندر مودی کی سوچ فاشسٹ ہے، بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں طویل محاصرہ ختم کر کے تمام سیاسی قیادت کو رہا کیا جائے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔