عاطف اسلم کا فلسطین کے لیے 15 ملین کا عطیہ

لاہور: عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم نے درندہ صفت اسرائیلی افواج کے ہاتھوں ظلم و ستم کے شکار فلسطینی عوام کے لیے 15 ملین کی امداد عطیہ کی ہے۔
اس حوالے سے پاکستان کی الخدمت فاؤنڈیشن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ کی، جس میں اُنہوں نے کہا کہ فلسطین، غزہ کے متاثرین کے لیے معروف فنکار عاطف اسلم کی جانب سے 15 ملین روپے کے عطیات موصول ہوئے ہیں۔
اُنہوں نے گلوکار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں عاطف اسلم نے غزہ کے متاثرین کے لیے عطیہ دیا، ہم آپ کے اس نیک اقدام کے لیے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
اس سے قبل عاطف اسلم نے سوشل میڈیا پر معصوم فلسطینیوں کے حق میں آواز اُٹھائی تھی جس پر بھارتی مداحوں نے اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
عاطف اسلم نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں پوسٹ کی تھی جس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ ہزاروں معصوم فلسطینی عوام کی جانوں کے ضیاع کا بہت دُکھ ہے۔
گلوکار نے کہا تھا کہ اس مشکل وقت میں، آئیں مل کر ساتھ کھڑے ہوجائیں، اللہ پاک اپنا رحم فرما۔
اس پوسٹ پر جہاں عاطف اسلم کے مسلمان مداحوں نے فلسطین کی آزادی کے لیے آواز اُٹھائی تو وہیں بھارتی صارفین گلوکار کا یہ پیغام دیکھ کر آگ بگولا ہوگئے تھے اور شدید تنقید کرتے ہوئے عاطف اسلم کو انسٹاگرام سے اَن فالو کرنا شروع کردیا تھا۔
خیال رہے کہ حماس کے الاقصیٰ فلڈ آپریشن کے بعد سے اسرائیل کی جانب سے غزہ سمیت دیگر علاقوں پر جاری فضائی بم باری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔