ایشیا کپ اور افغانستان سے ون ڈے سیریز کیلئے پاکستان ٹیم کا اعلان

لاہور: چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ایشیا کپ کے لیے 17 رکنی اور افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر سعود شکیل کو افغانستان کے خلاف سیریز کیلئے 18 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، تاہم وہ ایشیاکپ کے 17 رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں۔
قومی سلیکشن کمیٹی جس میں انضمام الحق کے علاوہ ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر اور ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن شامل ہیں، کپتان بابراعظم کے ساتھ مشاورت کے بعد ٹیم کو حتمی شکل دی ہے۔
ایشیا کپ کے لیے 17 رکنی پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، افتخار احمد، طیب طاہر، محمد رضوان، محمد حارث، شاداب خان (نائب کپتان)، محمد نواز، اسامہ میر، فہیم اشرف، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی۔
افغانستان کے خلاف سیریز کا 18 رکنی اسکواڈ کچھ یوں ہے:
کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، فخرزمان، امام الحق، سلمان علی آغا، افتخار احمد، طیب طاہر، سعود شکیل، محمد رضوان، محمد حارث، شاداب خان (نائب کپتان)، محمد نواز، اسامہ میر، فہیم اشرف، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی۔
سلیکٹرز نے اس سال اپریل، مئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنے والے اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کی ہیں، طیب طاہر اور فہیم اشرف کو شان مسعود اور احسان اللہ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فہیم اشرف کی 2 سال کے طویل عرصے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، وہ آخری بار جولائی 2021ء میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلے تھے۔
دوسری جانب طیب طاہر کو دوسری مرتبہ ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، اس سے قبل انہیں اس سال جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
سعود شکیل پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ انہوں نے آخری بار مارچ 2022 میں آسٹریلیا کے خلاف لاہور میں ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا تھا جس میں پاکستانی ٹیم نے 348 رنز کا ہدف عبور کرکے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
شان مسعود خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھانے کی وجہ سے اپنی جگہ برقرار نہیں رکھ پائے جب کہ احسان اللہ پی سی بی کے میڈیکل پینل کی نگرانی میں اپنی کہنی کے ری ہیب پروگرام میں مصروف ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔