ایشیا کپ: بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرادیا

دبئی: ایشیا کپ 2025 کے سپر 4 مرحلے کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 171 رنز بنائے، جس کے جواب میں بھارت نے ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے اوپننگ جوڑی صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان نے محتاط آغاز کیا۔ فخر زمان 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ فرحان نے شاندار 58 رنز کی اننگز کھیلی۔ صائم ایوب اور محمد نواز نے 21، 21 رنز بنائے جب کہ آخری اوورز میں فہیم اشرف اور آغا سلمان نے اہم رنز کا اضافہ کیا۔ بھارت کی جانب سے دوبے نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ کلدیپ یادیو اور ہاردک پانڈیا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بھارت کی اننگز کا آغاز جارحانہ رہا۔ اوپنر ابھیشیک شرما نے 74 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جس میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے جب کہ شبمن گل نے 47 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ فہیم اشرف اور ابرار احمد کو ایک ایک کامیابی ملی۔
پاکستان کی فیلڈنگ اور کپتانی پر تنقید کی جارہی ہے۔ میچ کے دوران کئی آسان کیچز چھوڑے گئے اور بولنگ کے دوران حکمت عملی میں الجھن نظر آئی۔ شاہین آفریدی نہ صرف وکٹ سے محروم رہے بلکہ 3.5 اوورز میں 40 رنز بھی دیے۔ ابرار احمد بھی مہنگے بولر ثابت ہوئے۔
بھارتی بلے بازوں نے پاکستانی بولنگ لائن پر دباؤ برقرار رکھا اور 172 رنز کا ہدف باآسانی 19.5 اوورز میں حاصل کرلیا۔ فتح میں تلک ورما اور سنجو سمسن نے بھی اہم کردار ادا کیا۔
اس شکست کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات مشکل ہوگئے ہیں جب کہ بھارت نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مستحکم کرلی ہے۔