کورونا وبا کے پھیلاؤ کے باعث بندشیں بڑھانا پڑیں گی، اسد عمر

اسلام آباد: سربراہ این سی او سی اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا کے پھیلاؤ کے باعث بندشیں بڑھانا پڑیں گی اور اس حوالے سے مزید فیصلے کرلیے ہیں جن کا اعلان جمعے کو کریں گے۔
این سی او سی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران اسد عمر نے کہا کہ ملک میں کورونا کی صورت حال سنگین ہے، کراچی، لاہور، حیدرآباد، فیصل آباد اور پشاور سمیت بڑے شہروں میں کورونا مثبت کیسز کی شرح دگنی ہوگئی ہے۔ کورونا کیسز میں اضافے کے باعث اسپتالوں پر دباوَ ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ این سی او سی میں مزید کچھ فیصلے کیے ہیں جنہیں صوبوں سے شیئر کریں گے اور جمعہ کو ان فیصلوں کا اعلان کریں گے، ہمیں پابندیاں بڑھانا پڑیں گی کیونکہ جس طرح اس وقت وبا کا پھیلاؤ ہے، اگر اس کا زور فوری نہیں توڑا تو بڑے شہر بند کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہوگا۔
اسد عمر نے کہا کہ اس وقت صورت حال بہت سنگین ہے، انتہائی سنجیدگی کی ضرورت ہے اور قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ سنجیدگی دکھائیں، ہمارے پاس آخری موقع ہے، ابھی بڑے شہر بند نہیں کررہے لیکن ہمارے پاس چند دنوں کی گنجائش ہے، اگر قوم سے زیادہ سنجیدگی اور تعاون نظر آیا، انتظامیہ نے کردار ادا کیا تو امید ہے کہ یہ اقدام نہ کرنا پڑے ورنہ بڑے شہر بند کرنے کے سوا کوئی راستہ نہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ آخری موقع ہے، کئی ہفتوں سے وارننگ دے رہے ہیں کہ کس طرف معاملات جارہے ہیں، ابھی بڑے شہر بند نہیں کررہے ہیں، صرف چند دن کی گنجائش رہ گئی ہے۔ وزرائے اعلیٰ انتظامیہ کے ساتھ بیٹھیں اور عوام سے براہ راست بات کریں، وہ ووٹ لے کر آئے ہیں، لوگ ان کی بات سنیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔