آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لاپتا، کور کمانڈر سمیت اہم شخصیات سوار

راولپنڈی: آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لاپتا، کور کمانڈر سمیت اہم شخصیات سوار ،پاک فوج کے ترجمان ادارے (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لاپتا ہوگیا ہے، جس میں کور کمانڈر 12 کور سمیت 6 افراد سوار تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں امدادی کارروائیوں میں مصروف تھا، جس سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جس وقت ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہوا اس میں کور کمانڈر 12 کور سمیت 6 افراد سوار تھے اور وہ بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں کی نگرانی کررہے تھے۔
اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں پر مامور پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے لاپتا ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کمانڈر 12 کور اور دیگر سوار فوجی افسران کی حفاظت کی دعا کی۔ علاوہ ازیں صدر مملکت کی جانب سے سرچ آپریشن کی کامیابی کی بھی دعا کی گئی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان سے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ پوری قوم اللہ تعالیٰ کے حضور سیلاب متاثرین کی مدد پر نکلنے والے وطن کے ان بیٹوں کی سلامتی، حفاظت اور بخیریت واپسی کے لیے دعاگو ہے۔
ان کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی اس واقعے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔