عمران خان کی پی ٹی آئی سربراہی سے ہٹانے کیخلاف ہائیکورٹ میں درخواست
اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں الیکشن کمیشن کے خلاف دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن اپنے اختیارات سے تجاوز کرکے پارٹی عہدے سے ہٹانے کی کارروائی کررہا ہے۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چیئرمین کو عہدے سے ہٹانے کے لیے غیر قانونی طور پر نوٹس جاری کیا۔ الیکشن کمیشن نے 7 دسمبر 2022 کو خلاف قانون کارروائی کا آغاز کیا۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن کے روبرو اپنے مکمل اثاثے ظاہر کر رکھے ہیں۔
درخواست میں عدالت سے الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کو بھیجے گئے نوٹس کو معطل کرنے اور حتمی کارروائی تک الیکشن کمیشن کو کارروائی سے روکنے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔