فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کا ایک اور بڑا اعزاز

کراچی: پاکستان کی سال 2022 کی کامیاب ترین فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ نے باکس آفس پر بزنس کا ایک اور نیا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
دی لیجنڈ آف مولاجٹ دنیا بھر میں ایک کروڑ ڈالرز (226 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) کا بزنس کرنے والی پہلی پاکستانی فلم بننے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
یہ فلم لاشاری فلمز اور انسائیکلو میڈیا نے پروڈیوس کی تھی۔ ورائٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق 13 اکتوبر 2022 کو ریلیز ہونے والی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے اب تک پاکستان میں 42 لاکھ ڈالرز (95 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) کا بزنس کرلیا ہے یعنی بہت جلد یہ ملکی سرزمین پر ایک ارب روپے بزنس کرنے والی پہلی پاکستانی فلم بھی بن جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان سے باہر دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے سب سے زیادہ بزنس برطانیہ میں کیا جہاں وہ 17 لاکھ ڈالرز کمانے میں کامیاب رہی۔
درحقیقت دی لیجنڈ آف مولا جٹ 2022 میں برطانیہ میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی جنوبی ایشیائی فلم بھی ہے اور کوئی بھی بولی وُڈ فلم اس کا مقابلہ نہیں کرسکی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اب اس فلم کو ترکیہ اور چین میں ریلیز کرنے کے لیے کام کیا جارہا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔