پی ایس ایل 6 کے بقیہ مقابلوں کے ابتدائی شیڈول کا اعلان

لاہور: پی ایس ایل 6 کے بقیہ مقابلوں کے ابتدائی شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز 9 سے 24 جون تک ابوظبی میں منعقد ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ 6 ڈبل ہیڈرز کے میچ کھیلے جائیں گے، ڈبل ہیڈرز والے روز پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے ہوگا اور ڈبل ہیڈرز والے روز دوسرا میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 11 بجے ہوگا۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کے مقابلے پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے ہوں گے جب کہ میچز کا مکمل شیڈول کچھ دیر بعد جاری کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل میں شرکت کے لیےابوظبی پہنچنے کے بعد ابتدائی قرنطینہ مکمل کرنے والے پلیئرز نے ٹریننگ کے لیے شیخ زاید اسٹیڈیم کا رخ کرلیا ہے۔
بدھ کو شیخ زاید اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں نے قریباً تین گھنٹے ٹریننگ کی، کھلاڑیوں کو میدان میں آنے کا یہ موقع 7 روز تک کمروں میں محدود رہنے کے بعد میسر آیا۔
گزشتہ روز 27 مئی کو چارٹرڈ فلائٹس سے پہنچنے والے افراد کا قرنطینہ مکمل ہوگیا جس کے بعد کھلاڑیوں کو ٹریننگ کی اجازت ملی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔