انجلینا جولی سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے سندھ پہنچ گئیں
دادو: ہالی وُڈ کی مقبول اداکارہ اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کی نمائندہ خصوصی انجلینا جولی پاکستان کے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے سندھ کے شہر دادو پہنچ گئیں۔
بتایا جارہا ہے کہ انجلینا جولی پاکستان میں اقوام متحدہ ہائی کمیشن برائے مہاجرین کی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گی۔
اداکارہ پاکستان کے صوبے سندھ کے شہر دادو پہنچی ہیں اور اب وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کررہی ہیں۔
اس دورے میں اداکارہ انجلینا جولی بے گھر لوگوں اور افغان پناہ گزینوں کی مدد کرنے والی مقامی تنظیموں کا بھی دورہ کریں گی جس میں وہ موسمیاتی تبدیلیوں اور نقل مکانی کے حوالے سے بات کریں گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی انجلینا جولی دو مرتبہ پاکستان کے دورے پر آچکی ہیں، سب سے پہلے وہ 2005 میں آنے والے زلزلے کے بعد متاثرین سے ملنے پاکستان پہنچی تھیں۔
اس کے بعد وہ 2010 کے سیلاب متاثرین کا احوال جاننے اور ان کی مدد کرنے بھی پاکستان آچکی ہیں۔