صدر عارف علوی کو برطرف کرنے کے لیے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر

اسلام آباد: عدالت عظمیٰ میں صدر مملکت عارف علوی کو عہدے سے برطرف کرنے کے لیے درخواست دائر کردی گئی۔
صدر مملکت کی برطرفی کی درخواست ایک شہری کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ صدر مملکت کی جانبداری اور مس کنڈکٹ کے خلاف کارروائی کا حکم دے، صدر عارف علوی اگر مس کنڈکٹ کے مرتکب پائے جائیں تو انہیں عہدے سے برطرف کیا جائے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ صدر مملکت جانبدار ہیں اور ملکی سربراہ کے عہدے پر رہنے کے اہل نہیں، صدر مملکت اپنے عہدے پر غیر جانبداری سے کام نہیں کررہے، صدر مملکت اپنی آئینی ذمے داری سے انحراف برتتے ہوئے عہدے کا ناجائز استعمال کررہے ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق صدر عارف علوی اپنے دفتر کو پاکستان تحریک انصاف کے حق میں استعمال کررہے ہیں، صدر نے انتخابات کی تاریخ نہ دے کر اپنی آئینی ذمے داریاں پوری نہیں کیں، صدر نے آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ جیسے معاملات پر سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کیے، صدر مملکت نے آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ پر دستخط نہ کرکے اپنی جانبداری کا ثبوت دیا۔
شہری کی درخواست میں صدر عارف علوی، ان کے سیکریٹری اور وزارت قانون و انصاف کو فریق بنایا گیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔