امریکا کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ تعلقات کو تمام شعبوں میں وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔ امریکا کو خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
وزیراعظم عمران خان سے امریکی سینیٹ کے وفد نے ملاقات کی، امریکی سینیٹ کے 4 رکنی وفد میں سینیٹرز اینگس کنگ، رچرڈ بر، جان کارن اور بینجمن ساس شامل تھے، چاروں سینیٹرز سینیٹ کی سلیکٹ کمیٹی برائے انٹیلی جنس کے رکن ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے امریکی سینیٹرز کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، امریکا کے ساتھ تعلقات کو تمام شعبوں میں وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہیں، دونوں ممالک کے درمیان گہری اور مضبوط شراکت داری خطے کے امن، سلامتی اور خوش حالی کے لیے باہمی طور پر مفید اور اہم ہے۔

عمران خان نے افغانستان میں انسانی بحران اور معاشی تباہی کو روکنے کے لیے افغان عوام کی مدد کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم عمران خان نے وفد کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس سے متاثر بی جے پی کی انتہا پسند پالیسیاں علاقائی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ امریکا کو خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔