طالبان نے افغانستان میں بحران سے متعلق حقائق غلط بتائے: امریکا

واشنگٹن: امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان کا کہنا ہے کہ طالبان نے افغانستان کے معاشی اور انسانی بحران سے متعلق حقائق غلط بتائے۔
امریکی نمائندہ خصوصی تھامس ویسٹ کا کہنا ہے کہ طالبان نے کانگریس کو لکھے گئے خط میں غلط حقائق بتائے، افغانستان بدقسمتی سے اگست کے وسط سے پہلے ہی خوف ناک انسانی بحران کا شکار تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ، برسوں کی خشک سالی اور وبائی امراض نے افغانستان کی صورت حال کو مزید بدتر بنادیا ہے۔
تھامس ویسٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ طالبان جامع حکومت، دہشت گردی سے نمٹنے، خواتین اور اقلیتوں کے احترام جیسے اقدامات سے عالمی حمایت حاصل کریں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا نے افغانستان کو رواں سال 474 ملین ڈالر بطور انسانی امداد فراہم کیے اور امریکا افغان عوام کی انسانی بنیادوں پر امداد جاری رکھے گا۔
امریکی نمائندہ خصوصی تھامس ویسٹ کا کہنا ہے کہ طالبان کے ساتھ سفارت کاری جاری رکھیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔