پیرو کا سرخ رنگت اختیار کرنے والا حیرت انگیز دریا
لیما: پیرو میں ایک ایسا دریا بھی واقع ہے جو سُرخ رنگت اختیار کرلیتا ہے، یہ سال میں کچھ ماہ کے لیے سرخ اور تیز گلابی رنگت اختیار کرلیتا ہے۔ اس دوران دنیا بھر سے لوگ اس کا نظارہ کرنے آتے ہیں۔
یہ دریا مشہور شہر کیوسکو سے 100 کلومیٹر کی مسافت پر واقع ہے اور اسی مناسبت سے دریائے کیوسکو کہلاتا ہے۔ اسی دریا کے پاس ایک اور قدرتی عجوبہ رنگ برنگ پہاڑیوں کی صورت میں بھی موجود ہیں، جنہیں پیلکویو رینبو ماؤنٹین کہا جاتا ہے۔
کیوسک دریا کو دنیا کا تنگ ترین دریا بھی کہا جاسکتا ہے، کیونکہ کئی مقامات پر اس کی چوڑائی چند میٹر رہ جاتی ہے، لیکن صرف چند کلومیٹر تک ہی یہ سرخ رہتا ہے کیونکہ اطراف کی چھوٹی ندیاں ملنے سے اس کی سرخی ماند پڑجاتی ہے۔
خیال رہے کہ لگ بھگ آٹھ ماہ تک دریا کی رنگت بھوری مائل کتھئی رہتی ہے لیکن دسمبر سے اپریل تک اس کی رنگت بدل جاتی ہے۔ اس کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ پیرو میں یہ برسات کا موسم ہوتا ہے۔ اس طرح اطراف کی مٹی سے پانی گزرتے ہوئے دریا میں ملتا ہے۔ پہاڑی مٹی میں آئرن آکسائیڈ کی بہتات سے دریا کی رنگت سرخ ہونے لگتی ہے۔ کہیں کہیں یہ اتنا گلابی ہوجاتا ہے کہ گویا کسی دودھ میں لال شربت ڈال دیا ہو۔
اسی لیے دسمبر سے اپریل تک یہاں لوگوں کی آمدورفت رہتی ہے جو ناصرف سرخ دریا کو حیرت سے دیکھتے بلکہ اس کی تصاویر اور ویڈیو بھی بناتے ہیں۔