بچے کے رونے سمیت مختلف آوازیں نکالنے والا حیرت انگیز پرندہ!

سڈنی: عام تصور ہے کہ صرف طوطے ہی انسان کی آواز کی نقل کرسکتے ہیں، لیکن آسٹریلیا کے ’’ٹارونگا چڑیا گھر‘‘ میں رکھا گیا ایک پرندہ کسی نوزائیدہ بچے کے رونے ایسی آواز سمیت کئی طرح کی مزید آوازیں بھی نکال سکتا ہے۔
سڈنی میں واقع ٹارونگا چڑیا گھر پچھلے کئی مہینوں سے کورونا وبا کے باعث عوام کے لیے بند ہے، لیکن وہاں موجود جانوروں اور پرندوں کی دیکھ بھال کے لیے چڑیا گھر کا عملہ اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔
اسی چڑیا گھر میں ’’سپرب لائربرڈ‘‘ کہلانے والا ایک آسٹریلوی پرندہ بھی ہے، جس کا سائنسی نام Menura novaehollandiae ہے۔


اس میں اپنے ماحول سے سیکھنے اور دوسروں کی نقل اتارنے کی حیرت انگیز صلاحیت ہے، جس کا مظاہرہ یہ اکثر کرتا رہتا ہے۔
ٹارونگا چڑیا گھر کا عملہ چند روز قبل یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ یہ پرندہ کسی انسانی بچے کے رونے جیسی آواز میں چیخ رہا تھا۔
عملے کے ایک رکن نے فوراً اپنے اسمارٹ فون کیمرے سے یہ منظر فلما لیا جسے چڑیا گھر کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر بھی شیئر کرادیا گیا۔
اب تک یہ ویڈیو قریباً پانچ لاکھ سوشل میڈیا صارفین دیکھ چکے اور اس پر سیکڑوں کی تعداد میں تبصرے بھی کرچکے۔
ویڈیو میں سپرب لائربرڈ کی آواز، انسانی بچے کے رونے کی آواز سے اتنی ملتی جلتی ہے کہ ایک ٹویٹر صارف نے یہاں تک لکھ دیا کہ اس ’’آواز کو سن کر مائیں اپنے شیرخوار بچوں کو ڈھونڈنے نکل جائیں گی۔‘‘

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔