پی ٹی آئی رہنما گنڈاپور کی بندوقیں اور بندے لانے کی مبینہ آڈیو لیک

اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما و سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کی لانگ مارچ میں بندوقیں اور بندے لانے کی مبینہ آڈیو لیک ہوگئی۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کی مبینہ آڈیو سنائی ہے۔
آڈیو لیک میں علی امین گنڈا پور ایک شخص سے بندوقیں اور بندے لانے کا کہہ رہے ہیں۔
آڈیو کے متن میں نامعلوم شخص کہتا ہے کہ جی علی خان؟ اس پر علی امین گنڈا پور کہتے ہیں صدر صاحب کیا پوزیشن ہے؟ پھر نامعلوم شخص کہتا ہے سر پوزیشن تو اے ون ہے، آپ سنائیں؟ علی امین گنڈا پور کہتے ہیں بندوقیں کتنی ہیں؟ نامعلوم شخص بولتا ہے، بہت ہیں۔
پھر علی امین گنڈا پور پوچھتے ہیں، لائسنس؟ اس پر نامعلوم شخص کہتا ہے، لائسنس بھی بہت ہیں، پھر علی امین گنڈا پور کہتے ہیں، بندے؟ جس پر نامعلوم شخص کہتا ہے کہ بندے بھی جتنے چاہئیں ہوں گے سر۔
علی امین گنڈا پور کہتے ہیں، اچھا، ہم یہاں کیمپ لگارہے ہیں ساتھی ہی قریب ہی کالونی میں، نامعلوم شخص بولتا ہے، جی۔ علی امین گنڈا پور کہتے ہیں، یہاں قریب ترین جگہ کون سی ہے آخر میں؟ کون سی کالونی ساتھ لگ رہی ہے۔
نامعلوم شخص پوچھتا ہے: ہمارے ہاں؟ اس پر علی امین گنڈا پور کہتے ہیں، بارڈر پر، بارڈر پر، اسلام آباد پنڈی کے بارڈر پر، ٹول پلازے کے بعد لیفٹ سائیڈ پر، کون سی جگہ ہے؟ ٹاپ سٹی ہے یا کیپیٹل؟
نامعلوم شخص جواب میں کہتا ہے کہ ٹاپ بھی، کیپیٹل بھی ہے، بہت ساری ہیں بتائیں، اس پر علی امین گنڈا پور بولتے ہیں، ٹاپ تو ایئرپورٹ پر ہے ناں، نامعلوم شخص کہتا ہے، ٹاپ تو ایئرپورٹ والی سائیڈ پر ہے ناں، میں نے پورا نقشہ بھیجاتھا آپ کو۔
پھر علی امین گنڈا پور کہتے ہیں کہ وہ ملا ہوا ہے مجھے، وہ ہے میرے پاس، بس بندے اور سامان آپ تیار رکھیں وہاں پر۔
اس پر نامعلوم شخص کہتا ہے کہ سر کوئی مسئلہ نہیں، ان شااللہ۔ علی امین گنڈا پور بولتے ہیں، بس پھر رابطے میں ہیں، ان شاء اللہ اور نامعلوم شخص جواب میں کہتا ہے کہ جی سر، ان شاء اللہ۔
پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور اسلام آباد میں ہوتا تو گرفتار کرلیتے، کسی بھی آپریشن کی کامیابی کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ اسے آن ایئر نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے خلاف ردعمل دیں گے، عمران خان کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔