نعمان نے شعیب کی نہیں پوری قوم کی بے عزتی کی ہے: وزیر مملکت
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا کہنا ہے کہ شعیب اختر کے ساتھ پیش آئے واقعے پر وزیراعظم نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے اور ہم اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ سرکاری ٹی وی پر بہت برا ہوا، کوئی بھی عہدے کا غلط استعمال نہیں کرسکتا، عام پاکستانی کی بھی اتنی ہی عزت ہے جتنی کسی سیاست دان یا وزیر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نعمان نیاز نے حد کردی، شعیب اختر نے دنیا میں پاکستان کا جھنڈا اونچا کیا، اگر دنیا میں کسی نے ایک گیند سے بھارتیوں کو چپ کرایا تو وہ شعیب اختر تھا، قومی ہیروز کے ساتھ ایسے نہیں ہوتا، نعمان نیاز کو سوچنا چاہیے تھا، شعیب اختر نے بہت صبر سے کام لیا۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پتا چلا ہے کہ کل نعمان نیاز نے شو نہیں ہونے دیا، پی ٹی وی کسی کی ملکیت نہیں، ایسا صدر یا وزیراعظم بھی نہیں کرسکتا، نعمان نیاز نے شعیب کی نہیں پوری قوم کی بے عزتی کی ہے، شعیب اختر ہمارے اسٹار ہیں اور وہ بے داغ انسان ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے پر وزیراعظم بھی افسردہ ہوئے، کابینہ میں بھی اس پر بات ہوئی کہ نعمان نیاز کو ہٹایا جائے، اس معاملے کی تحقیقات ہوں گی۔
شعیب اختر کو آف ایئر کرنے سے متعلق علی محمد خان کا کہنا تھا کہ یہ بہت معیوب کام ہوا، شعیب اختر کو کیسے بین کرسکتے ہیں، یہ تو مظلوم کو سزا دینے جیسا ہے، جب شعیب نے پروگرام میں استعفیٰ دیا تو کس طرح انہیں آف ایئر کیا گیا، ہم اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، کمیٹی اس معاملے کا پورا نوٹس لے گی۔