احمد شہزاد نے کیریئر کی تباہی کا ذمے دار وقار یونس کو ٹھہرادیا
کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد نے ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کا ذمے دار وقار یونس کو ٹھہرادیا۔
احمد شہزاد نے ایک انٹرویو میں کہا کہ سابق ہیڈکوچ وقار یونس کی جانب سے بورڈ میں ایک رپورٹ جمع کروائی گئی تھی کہ میں آؤٹ آف فارم ہوں مجھے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ میں پیش کی گئی رپورٹ کو خود نہیں دیکھا لیکن ایک نمائندے نے بتایا تھا کہ عمر اکمل اور مجھے آؤٹ آف فارم ہونے کی وجہ سے اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا ہے، شہزاد نے کہا کہ وقار یونس کی وجہ سے میرا کیرئیر تباہ ہوا۔
اوپنر احمد شہزاد نے سینئر کھلاڑیوں کی طرف سے سپورٹ نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ویرات کوہلی اور میں نے ساتھ ڈیبیو کیا لیکن دھونی کی رہنمائی میں کوہلی بہتری کی جانب گامزن ہوئے تاہم میرا کیرئیر زوال پذیر ہوا۔ بدقسمتی سے پاکستان میں لوگ آپ کی کامیابی کو برداشت نہیں کرسکتے۔
احمد شہزاد نے کہا کہ ہمارے سینئر کھلاڑی اور سابق کرکٹرز کسی کو کامیاب ہوتے دیکھنا ہضم نہیں کرسکتے، جو پاکستان کرکٹ کی بدقسمتی ہے۔
واضح رہے کہ کچھ دن پہلے مڈل آرڈر بلےباز عمر اکمل نے سابق ہیڈکوچز مکی آرتھر اور وقار یونس پر متعصبانہ رویوں کا الزام عائد کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ وقار یونس ایک لیجنڈری فاسٹ بولر تھے لیکن میں انہیں بطور ہیڈکوچ نہیں سمجھ سکا۔