اثاثہ جات کیس: آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت مسترد
کراچی: عدالت عالیہ سندھ نے اثاثہ جات کیس میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سمیت 8 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
جسٹس ندیم اختر اور جسٹس اقبال کلہوڑو نے گذشتہ ہفتے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ سندھ ہائی کورٹ نے آغا سراج درانی اور دیگر کی ضمانت پر فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے آغا سراج کی اہلیہ، بیٹے، تین بیٹیوں اور ایک ملزم کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
دھیان رہے اسپیکر سندھ اسمبلی پر ایک ارب سے زائد غیر قانونی آمدن سے اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس زیر سماعت ہے۔ سندھ ہائی کورٹ آغا سراج درانی اور دیگر کی ضمانت منظور کرچکی تھی۔
نیب نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے ضمانتوں پر دوبارہ دلائل سننے کے لیے معاملہ واپس ہائی کورٹ بھجوایا تھا۔ چیف جسٹس ہائی کورٹ نے ضمانت پر فیصلے کے لیے دو ججز پر خصوصی بینچ تشکیل دیا تھا۔