آفریدی کی ایشیا لائنز نے انڈین مہاراجا کو 9 رنز سے ہرادیا

دوحہ: آفریدی کی ایشیا لائنز نے انڈین مہاراجا کو 9 رنز سے مات دے دی، لیجنڈز لیگ کے افتتاحی میچ میں شاہد آفریدی کی ایشیا لائنز نے گوتم گمبھیر کی انڈین مہاراجا کو شکست کے داغ سے نوازا۔
سابق اسٹار کرکٹرز کی کہکشاں ایک بار پھر دوحہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں دکھائی دی، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شاہد آفریدی کی ایشیا لائنز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔
ایشیا لائنز کی جانب سے مصباح الحق نے 50 گیندوں پر 73 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی، جس میں 6 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، ان کے علاوہ تھرنگا 40، کپتان شاہد آفریدی 12، دلشان اور تھیسارا پریرا 5، 5 رنز بناکر نمایاں رہے۔
ہدف کے تعاقب میں انڈین مہاراجا کا آغاز اچھا نہ تھا، صفر پر پہلی وکٹ گنوا دینے کے بعد کپتان گوتم گمبھیر اور مرلی وجے نے 50 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، لیکن وجے 25 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
گوتم گمبھیر نے 54 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد کیف 22، یوسف پٹھان 14، عرفان پٹھان 19 رنز بناکر نمایاں رہے۔
ایشیا لائنز کی جانب سے سہیل تنویر نے انڈین مہاراجا کے 3 مہرے کھسکائے جب کہ عبدالرزاق، دلشان اور پریرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سابق اسٹارز کرکٹر سے سجے اس ٹورنامنٹ میں آج ایشیا لائنز کو ورلڈکپ جائنٹس کا چیلنج درپیش ہوگا، جس کی قیادت آسٹریلیا کے سابق کرکٹر ایرون فنچ کررہے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔