افغانستان میں نئی حکومت کا اعلان

کابل: افغان طالبان نے اپنی نئی حکومت کا اعلان کردیا، ملا محمد حسن اخوند سربراہ ہوں گے۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے افغانستان کی نئی حکومت کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ نئی اسلامی حکومت کے قائم مقام سربراہ ملا محمد حسن اخوند ہوں گے۔ ملا عبدالغنی برادر قائم مقام نائب وزیراعظم ہوں گے، سراج الدین حقانی قائم مقام وزیر داخلہ ہوں گے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے طالبان ترجمان کا کہنا تھا کہ مولوی یعقوب مجاہد قائم مقام وزیر دفاع ہوں گے۔ ملا امیر خان متقی قائم مقام وزیر خارجہ ہوں گے۔ قاری دین محمد حنیف قائم مقام وزیر اقتصادی امور ہوں گے۔ ملا فضل اخوند افغانستان کے چیف آف آرمی اسٹاف ہوں گے۔ ملا عبدالحق وثیق کو این ڈی ایس سربراہ بنایا گیا ہے۔
کابینہ ارکان کے نام یہ ہیں، ملا محمد حسن اخوند (وزیرِاعظم)، ملا عبدالغنی برادر (نائب وزیرِاعظم)، مولوی عبدالسلام حنفی (نائب وزیرِاعظم)، مولوی محمد یعقوب مجاہد (وزیر دفاع)، ملا سراج الدین حقانی (وزیر داخلہ)، امیر خان متقی (وزیر خارجہ)، ملا ہدایت اللہ بدری (وزیر مالیات)، ملا خیراللہ خیرخواہ (وزیر اطلاعات و ثقافت)، ملا عبداللطیف منصور (وزیر پانی و بجلی)، عبدالباقی حقانی (وزیر تعلیم)۔ نجیب اللہ حقانی (برقی مواصلات)، خلیل الرحمان حقانی (پناہ گزین افراد)، عبدالحق وثیق (انٹیلی جنس)، حاجی ادریس (سربراہ افغانستان بینک)، قاری دین محمد حنیف (اقتصادیات)، مولوی عبدالحاکم شریعہ (وزیرِ انصاف)، نوراللہ نوری (سرحد و قبائل) یونس اخوندزادہ (دیہی ترقی)، ملا عبدالمنّان عمری (عوامی بہبود)۔ ملا محمد عیسیٰ اخوند (کان کنی)، فصیح الدین (چیف آف اسٹاف)، شیر محمد عباس ستانکزئی (نائب وزیرِ خارجہ اُمور) و دیگر شامل ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ ہمارے سیکیورٹی اہلکاروں کو مظاہروں کو کنٹرول کرنے کا تجربہ نہیں، افغانستان میں پاکستان کی مداخلت سے متعلق پروپیگنڈا 20 سال سے چل رہا ہے۔ ہمارے معاملات میں پاکستان سمیت کسی ملک کی مداخلت نہیں، کوئی ثابت نہیں کرسکتا کہ ہمارے اقدامات سے پاکستان کو فائدہ ہوا۔ ہم نے اپنی آزادی کے لیے پوری دنیا سے جنگ لڑی ہے، ہم نے طویل جنگ لڑی ہے، پنجشیر کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ آزادی سے متعلق حالیہ مظاہرہ قانونی نہیں، ایسے مظاہرے ہونے لگیں تو قیام امن کو نقصان ہوگا، مظاہرے ہوتے رہے تو معاملات خراب ہوں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔