افغانستان نے چمن اسپن بولدک سرحد کیوں بند کی؟

کابل: افغانستان کی طالبان حکومت نے چمن اسپن بولدک سرحد ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کردی۔
چمن سے متصل پاک افغان باب دوستی کے سامنے مرکزی شاہراہ پر افغان حدود میں سیمنٹ بلاک رکھ دیے گئے ہیں۔
کسٹم حکام کی جانب سے بھی پاک افغان سرحد باب دوستی کو تجارتی سرگرمیوں اورپیدل آمدورفت کے لیے بند کیے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔
کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ باب دوستی کو افغان اہلکاروں کی جانب سے بند کیا گیا ہے، جس کے باعث سرحد کے دونوں جانب مال بردار گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
حکام کے مطابق باب دوستی سرحد صبح 8 سے شام 4 بجے تک معمول کے مطابق کھلی رہتی ہے۔
دوسری طرف افغان حکام کا کہنا ہے کہ گورنر قندھار کی ہدایت پر چمن اسپن بولدک سرحد کو بند کیا گیا ہے۔
گورنر قندھار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تجارت اور پیدل آمدورفت کو بند کیا گیا ہے، پاکستانی سرحدی حکام کے ساتھ آمدورفت کے طریقہ کار پر اعتراض ہے لہٰذا مسائل حل ہونے تک باب دوستی بند رہے گی، لوگ سفر نہ کریں۔
پاکستان کے سیکیورٹی حکام کے مطابق افغان حکام کے اس اقدام اور مسائل کا جائزہ لے رہے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔