دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی پاکستان کو شکست، سیریز افغانستان کے نام

شارجہ: پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، یوں افغانستان نے سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلے ہی اوور میں بغیر کسی رن پر صائم ایوب اور عبداللہ شفیق آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد محمد حارث 15، طیب طاہر 13 اور اعظم خان ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد عماد وسیم اور کپتان شاداب نے ذمے دارانہ اننگز کھیلیں تاہم شاداب 32 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 130 بنائے، عماد وسیم 64 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
افغانستان کے فضل حق فاروقی نے 2 جب کہ نوین الحق، راشد خان اور کریم جنت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کے 131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پہلی وکٹ 30 کے مجموعی اسکور پر گری اور عثمان غنی 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زردان نے ذمے دارانہ اننگز کھیلیں اور ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا تاہم 44 رنز بنا کر رحمان اللہ رن آؤٹ ہوگئے۔ ابراہیم زاردان بھی 38 رنز بنا کر احسان اللہ کا شکار بنے۔
نجیب اللہ زردان کی 23 اور محمد نبی کی 14 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت افغان ٹیم نے 20 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا اور یوں اسے سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی۔
افغانستان نے پاکستان کے خلاف پہلی مرتبہ انٹرنیشنل سیریز میں فتح حاصل کی ہے۔
پاکستان کی جانب سے زمان اور احسان اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ افغانستان کے فاسٹ بولر فضل حق فاروقی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
سیریز کا آخری میچ آج شارجہ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔