افغانستان میں مختلف تخریبی واقعات میں کرنل سمیت 17 افراد ہلاک!
کابل: افغانستان میں بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے مختلف واقعات میں افغان فوج کے کرنل سمیت 4 سیکیورٹی اہلکار اور 3 شہری ہلاک ہوگئے۔
افغان ضلع بلخ میں دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے اور دھماکے میں 3 فوجی اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی بھی ہوئے۔
صوبائی گورنر کے ترجمان عادل شاہ عادل نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بم ایک ٹرالی میں نصب کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو قریبی اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے، تاہم دھماکے کی ذمے داری اب تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔
افغان میڈیا کے مطابق صوبہ کپیسا اور صوبہ سرپل میں دو مختلف واقعات میں دو مقامی آرمی کے اہلکار، ایک نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی (این ڈی ایس) اہلکار اور ایک عام شہری ہلاک ہوئے۔
کپیسا کے صوبائی پولیس چیف کے مطابق این ڈی ایس اہلکار خواجہ عتیق اللہ اور اس کے کزن کو نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگئے۔ صوبہ سرپل میں مقامی آرمی اہلکاروں کی ہلاکت سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ہوئی۔
دوسری جانب افغانستان کے صوبہ پکتیا میں طالبان حملے میں کرنل فریدون فیاض ہلاک ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق کرنل فریدون فیاض اپنی گاڑی میں آفس جارہے تھے کہ لوگار پکتیا ہائی وے پر طالبان نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔