افغان طالبان کی عوام کو ایک ہفتے میں سرکاری املاک، ہتھیار جمع کرانے کی ہدایت
کابل: افغان طالبان کا کہنا ہے کہ کابل کے عوام سرکاری مکان، گاڑیاں اور ہتھیار واپس کریں ورنہ ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل کے باشندوں کو ہدایت کی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر سرکاری گاڑیاں، ہتھیار، گولا بارود اور دیگر سرکاری اشیاء طالبان سے وابستہ افراد کے حوالے کردیں۔ مقررہ وقت گزرنے کے بعد اگر لوگوں سے یہ چیزیں برآمد ہوئیں تو ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب برطانوی نشریاتی ادارے سے خصوصی گفتگو کے دوران طالبان کے ایک اور ترجمان قاری محمد یوسف احمدی نے کہا کہ خواتین کے حوالے سے ہمارا موقف واضح ہے۔ افغانستان کی پبلک ہیلتھ وزارت نے کابل سمیت ملک بھر میں ان تمام خواتین کو ڈیوٹی پر واپس آنے کا کہا ہے جو صحت کے شعبے میں کام کررہی تھیں۔
خیال رہے کہ طالبان نے امریکا سمیت تمام غیر ملکی فوجیوں کے انخلا کے لیے 31 اگست کی ڈیڈ لائن دی ہے۔