امریکا میں مقیم اداکار طلعت اقبال شدید علیل، وینٹی لیٹر پر منتقل

کراچی: ماضی کے معروف اداکار طلعت اقبال ان دنوں شدید علیل اور ڈیلاس امریکا کے اسپتال میں زیرعلاج ہیں، طبیعت زیادہ خراب ہونے کے باعث انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا ہے۔
طلعت اقبال اور ان کی اہلیہ سنبل طلعت کا شمار ماضی کی کامیاب اداکار جوڑی میں ہوتا تھا، 1968 میں ریڈیو پاکستان سے کیریئر کا آغاز کرنے والے طلعت اقبال نے ٹیلی وژن کے بے شمار ڈراموں میں کام کیا۔ ان کے معروف ڈراموں میں شکست آرزو، دودونی پانچ، آخری چٹان، آبگینے، کیف بہاراں، کاروان اور اب دیکھ خدا کیا کرتا ہے شامل ہیں۔
ان کی بیٹی ثومی طلعت بھی شوبز کی دُنیا کا حصہ رہ چکی ہیں، طلعت اقبال 1999 میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ امریکا منتقل ہوگئے تھے۔ اس دوران طلعت اقبال کئی مرتبہ پاکستان آئے، چند روز قبل طلعت اقبال کی بیٹی سارہ انتقال کرگئی تھیں اور اسی صدمے نے انہیں اسپتال پہنچادیا۔
طلعت اقبال کے داماد اشتیاق حسین نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بدھ سے ڈاکٹروں نے ادویہ کو بتدریج کم کرنا شروع کیا ہے اور ان کی کوشش ہے کہ وہ اپنی قوت ارادی سے دوبارہ زندگی کی طرف واپس آئیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔