اداکار فیروز خان نے ساتھی فنکاروں سے معافی مانگ لی
کراچی: پاکستانی فلموں اور ڈراموں کے مقبول اداکار فیروز خان نے جنوری میں اپنے ساتھی فنکاروں کی نجی معلومات لیک کرنے پر معافی مانگ لی۔
فیروز خان نے اپنے انسٹاگرام پر ایک طویل معافی نامہ شیئر کیا اور بتایا کہ 17 جنوری 2023 کو ہتک عزت کا ایک قانونی نوٹس (میری سابق قانونی ٹیم کی جانب سے تیار کیا گیا) میرے انسٹاگرام سے پوسٹ کیا گیا تھا۔
فیروز خان نے لکھا کہ میری غفلت سے مذکورہ پوسٹ میں فنکاروں کے فون نمبر بھی شامل رہ گئے اور جیسے ہی مجھے احساس ہوا، میں نے اس پوسٹ کو فوری ڈیلیٹ کردیا۔
اداکار فیروز خان کا کہنا تھا کہ خود ایک اداکار کی حیثیت سے وہ پرائیویسی کی اہمیت کو سمجھتے ہیں اور انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ کسی کا سکون برباد ہو، اگر ان کے کسی ساتھی کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا تو انہیں اس کے لیے بہت افسوس ہے۔
اداکار نے منیب بٹ کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کی اور اعلان کیا کہ ان کے درمیان تمام معاملات حل ہوگئے ہیں۔
اداکار منیب بٹ نے بھی اب فیروز کے خلاف تمام الزامات ختم کرنے کا اعلان کیا ہے، منیب نے دعویٰ کیا کہ پرائیویسی لیک ایک غلطی تھی اور فیروز نے کبھی بھی اپنے ساتھیوں کو کوئی تکلیف یا ذہنی پریشانی دینے کا ارادہ نہیں کیا تھا۔