عمرہ سے واپس آنے والے گھرانے کو حادثہ، خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق
راولپنڈی: عمرہ سے واپس آنے والے گھرانے کی گاڑی کو افسوس ناک حادثہ پیش آیا ہے، جس میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ سے گوجرانوالا کے لیے روانہ ہونے والی فیملی کی گاڑی کو راولپنڈی میں روات ٹی چوک کے قریب حادثہ پیش آیا۔ سحری کے وقت پیش آنے والے حادثے میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔
تھانہ ہمک پولیس کے مطابق گاڑی روات چوک کے قریب کھڑے 22 وہیلرز ٹرالر سے ٹکرائی، جس کے بعد ریسکیو 1122 نے اطلاع ملنے پر جائے وقوع پر پہنچ کر گاڑی میں پھنسے افراد کو باہر نکالا اور زخمیوں و لاشوں کو پمز اسپتال منتقل کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ ڈرائیور کے سو جانے کے باعث پیش آیا۔
خوف ناک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ہائی ایس کا ڈرائیور بھی شامل ہے جب کہ 4 خواتین سمیت 8 افراد حادثے میں زخمی بھی ہوئے۔ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
اسلام آباد پولیس نے متاثرہ گاڑی کو تحویل میں لے کر حادثے کی وجوہ جاننے کے لیے تفتیش شروع کردی ہے، تاہم ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد شامل ہیں۔ متاثرہ فیملی عمرہ ادائیگی کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ سے گوجرانوالا جارہی تھی۔
جاں بحق ہونے والوں میں 45 سالہ مہرین، 28 سالہ دانش، 52 سالہ میاں ادریس، 62 سالہ حاجی شفیق اور 65 سالہ حاجی نذیر شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں ریحانہ، عشور، ارحم، ہما عمران، ارصام اور کنیز شامل ہیں۔