عامر لیاقت نازیبا ویڈیوز کیس: ملزم یاسر شامی کی ضمانت منظور

کراچی: عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے مقدمے میں ملزم یاسر شامی کی ضمانت منظور کرلی گئی۔
کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت کے روبرو عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی، ملزمہ دانیہ شاہ عدالت میں پیش ہوئی۔
ملزم قرار دیے جانے پر یوٹیوبر یاسر شامی نے عدالت میں سرنڈر کیا اور درخواست ضمانت دائر کی۔ عدالت نے یاسر شامی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے ملزم یاسر شامی کو ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرانے کا بھی حکم دیا۔
قبل ازیں استغاثہ کے مطابق عدالت نے مقدمے میں پیش نہ ہونے پر معروف یوٹیوبر یاسر شامی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ عدالت نے ملزم کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالت کے بار بار طلب کرنے کے باوجود ملزم یاسر شامی پیش نہیں ہورہے تھے۔ مقدمے میں گواہان کے بیانات قلم بند کیے جارہے ہیں۔ مقدمے کی ملزمہ دانیہ شاہ ضمانت پر رہا ہیں۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم سیل میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ سیدہ بشریٰ اقبال نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر وارنٹ گرفتاری کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اب کیس میں دو افراد پر الزامات ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ پہلا الزام دانیہ ملک پر ہے جنہوں نے نازیبا ویڈیوز بنائیں اور ان کو جان بوجھ کر لیک کیا۔
بشریٰ اقبال نے دعویٰ کیا کہ یوٹیوبر یاسر شامی نے دانیہ ملک سے ویڈیوز حاصل کرکے اسے اپنے چینل پر چلایا اور وہ وائرل ہوگئیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایف آئی اے یاسر شامی کو گرفتار کرکے عدالت پیش کرے گی اور عامر لیاقت کو انصاف ملے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔