ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے انتقال کو ایک سال بیت گیا

کراچی: ٹی وی انڈسٹری کی معروف شخصیت ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو مداحوں سے بچھڑے ایک برس بیت گیا۔
ڈاکٹرعامر لیاقت حسین کی آج پہلی برسی ہے اور اس موقع پر مداحوں اور ان کے ساتھی فنکاروں کی جانب سے مرحوم کے درجات بلند کرنے اور ان کے لواحقین کے لیے صبر کی دعائیں کی جارہی ہیں۔
عامر لیاقت حسین 5 جولائی 1972 کو کراچی میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم کے بعد ڈاکٹر عامر لیاقت نے اپنے کیریئر کا آغاز اخبارات میں شعبہ نیوز اور ٹی وی پر بطور نیوز اینکر نجی ٹی وی سے کیا۔
عامر لیاقت نے نجی ٹی وی سے ایک دینی پروگرام کی میزبانی سرانجام دی اور یہ پروگرام ان کی شہرت کی وجہ بنا۔ وہ اپنے کیریئر میں کئی نجی چینلز سے وابستہ رہے۔
ان کو ٹی وی اینکرز میں سرفہرست سمجھا جاتا تھا وہ 500 بااثر مسلم شخصیات میں شمولیت کا اعزاز بھی حاصل کرچکے تھے۔
عامر لیاقت سال 2002 سے سال 2007 کے درمیان رکن قومی اسمبلی رہے اور انہیں پرویز مشرف کے دور حکومت میں وزیر مملکت برائے مذہبی امور بنایا گیا، تاہم 2018 کے انتخابات میں وہ پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر دوبارہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔
عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے دوران انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ مارچ 2022 میں چھوڑ دیا تھا۔
ڈاکٹر عامر لیاقت کی پہلی برسی پر ان کی سابقہ اہلیہ بشریٰ اقبال نے سوشل میڈیا پر جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے شوبز ستاروں کی جانب سے موصول ہونے والے پیغامات کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔
عامر لیاقت کی برسی پر اداکارہ یمنیٰ زیدی، ندا یاسر، اداکار ساجد حسن اور سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری سمیت دیگر نے ان کی مغفرت کی دعائیں کیں۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین 9 جون 2022 کی دوپہر کو کراچی میں اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے، انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے انتقال کی تصدیق کی گئی تھی۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔