ملک بھر میں مہنگائی میں ہوش رُبا اضافہ

کراچی/ لاہور/ اسلام آباد: پاکستان بھر میں مہنگائی میں 0.35 فیصد اضافہ کے بعد مجموعی شرح 27.13 فیصد پر پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں اعشاریہ 35 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ٹماٹر، پیاز، چینی، دودھ سمیت 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھیں، ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 5.12 روپے کا اضافہ ہوا، فی کلو ٹماٹر کی قیمت 200 روپے اور پیاز کی فی کلو قیمت 135 روپے تک پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق پیاز کی فی کلو قیمت میں 8 پیسے، چینی فی کلو 16 پیسے مہنگی ہوئی، فی درجن کیلا کی قیمت میں 3.44 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 8 سو گرام کا نمک کا پیکٹ بھی 1.9 روپے مہنگا ہو کر 41.17 روپے کا ہو گیا، پسی ہوئی دو سو گرام سرخ مرچ کا پیکٹ 86 پیسے مہنگا ہوا ہے۔
حالیہ ہفتے دال مسور، دال چنا، دال ماش اور دال مونگ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، دال مسور کی فی کلو قیمت میں 10.61 روپے کمی ریکارڈ کی گئی، فی کلو قیمت 281.45 روپے، دال ماش کی قیمت 372 روپے ریکارڈ ہوئی، فی کلو قیمت میں 6.58 روپے کی کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ڈھائی کلو گھی کا ٹن 26.12 روپے سستا ہوا، ٹن کی قیمت 2788 روپے ریکارڈ کی گئی ہے، بیس کلو آٹے کا تھیلا اور آلو کی فی کلو قیمت میں بھی کمی ہوئی، بیس کلو آٹے کا تھیلا 1552.29 روپے سے کم ہو کر 1521.96 روپے کا ہوگیا، مٹن، گڑ، واشنگ سوپ سمیت 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔