امریکا میں پکڑا گیا نایاب کیکڑا سب کی توجہ کا مرکز بن گیا
نیویارک: کیکڑے پکڑنے والی ایک کشتی نے میساچوسیٹس کے جزیرہ نما کیپ کوڈ کے ساحل کے قریب ایک انتہائی نایاب دو رنگی لابسٹر پکڑا ہے جو حکام کے مطابق پانچ کروڑ میں ایک بار ملنے والا شکار سمجھا جاتا ہے۔
ویل فلیٹ شیل فش کمپنی کے مطابق ٹموتھی مائیکل نامی کشتی نے 16 اپریل کو یہ کیکڑا دریافت کیا، جس کا رنگ حیران کن طور پر آدھا آدھا مختلف تھا۔
کمپنی نے اس نایاب لابسٹر کو ووڈز ہول سائنس ایکوئیریم کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا جہاں یہ اپنی باقی زندگی گزارے گا اور عوامی نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔
فی الحال یہ کیکڑا میساچوسیٹس کے علاقے ووڈز ہول میں موجود این او اے اے فشریز کی مرین بائیولوجیکل لیبارٹری کی نگرانی میں رکھا گیا ہے اور یہ یہاں پر ایکوریم کی مرمت مکمل ہونے تک رہے گا۔
کمپنی کا سوشل میڈیا پر کہنا تھا کہ اس طرح کے دو رنگی لابسٹر بے حد نایاب ہوتے ہیں۔ یہ منفرد جینیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں جو ان کے حیرت انگیز آدھے آدھے رنگ کو جنم دیتی ہیں۔