مسجد الحرام کی بالائی منزل سے چھلانگ لگانے والے شخص کو بچالیا گیا
مکۃ المکرمۃ: مسجد الحرام کی بالائی منزل سے ایک شخص نے چھلانگ لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کرنے کی کوشش کی۔
عرب میڈیا کے مطابق مسجد الحرام کی بالائی منزل سے چھلانگ لگانے والے شخص کو سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری اسپتال منتقل کیا۔ بروقت طبی امداد ملنے کے باعث اُس کو بچالیا گیا۔
خودکشی کی کوشش کرنے والے فرد کی شناخت اور قومیت ظاہر نہیں کی گئی۔ مسجد الحرام کی سیکیورٹی پر مامور فورس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔
خیال رہے کہ 2017 میں ایک سعودی شخص نے خانہ کعبہ کے عین سامنے خود کو آگ لگانے کی کوشش کی تھی، لیکن سیکیورٹی فورسز نے بروقت مداخلت کرکے اسے بچالیا تھا۔
اسی طرح 2018 میں بھی خودکشی کے ایسے 3 واقعات رونما ہوئے تھے۔ پہلا واقعہ جون میں پیش آیا جب ایک فرانسیسی شخص نے مسجدالحرام کی چھت سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی تھی۔ ایک ہفتے بعد بنگلادیشی شخص نے بھی اسی انداز میں خودکشی کی اور پھر اگست میں ایک عرب شخص نے بھی اسی طرح اپنی زندگی کا خاتمہ کیا تھا۔