بھوکا طالب علم ڈیڑھ لاکھ ڈالر کا کیلا کھاگیا

سیئول: دیوار پر نمائش کے لیے لگے قیمتی آرٹ کے نمونے کو بھوک سے بے تاب طالب علم کھا گیا۔
جنوبی کوریا کے شہر سیئول میں یہ واقعہ پیش آیا جب اطالوی فنکار موریزیو کیٹے لِن نے ایک پکا ہوا کیلا دیوار پر ٹیپ سے چپکا کر اس فن پارے کو کامیڈین کا نام دیا تھا۔ اس کی مالیت ایک لاکھ 60 ہزار ڈالر بتائی جارہی ہے جو پاکستانی کرنسی میں 45 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔
کیٹے لِن معروف فنکار ہیں جن کی تخلیق کو لیئم میوزیم آف آرٹ کی ایک دیوار پر چسپاں کیا گیا تھا۔ اتنے میں جامعہ سیئول کے طالبعلم نوہ ہوئن سُو نے بہت اطمینان سے ٹیپ ہٹاکر کیلا اٹھایا اور چھیل کر کھالیا۔ اس عمل میں انہیں چند منٹ لگے اور دیگر لوگ انہیں حیرت سے تکنے لگے۔
کیلا کھانے کے بعد اس نے ٹیپ کو دوبارہ دیوار پر لگادیا۔ جس کے بعد میوزیم کی انتظامیہ نے خالی جگہ پر دوسرا کیلا لگادیا۔ انتظامیہ نے جب طالبعلم سے اس عمل کی وجہ پوچھی تو اس نے کہا کہ وہ بھوکا تھا۔
میوزیم کے ترجمان کے مطابق یہ سب کچھ اس تیزی سے ہوا کہ کوئی بھی اس عمل کو روک نہ سکا۔ اس کے بعد فوری فنکار سے رابطہ کرکے سارا ماجرا بتایا گیا لیکن اس نے کسی ردِعمل کا اظہار نہیں کیا۔
انتظامیہ کے مطابق یہ آرٹ کے کام کو تباہ کرنے کا عمل ہے، لیکن موریزیو نے بس اتنا کہا کہ کوئی مسئلہ نہیں۔ تاہم یہ پہلا واقعہ ہے کہ کسی نے آرٹ کے فن پارے کو اتنی آسانی سے کھالیا ہو۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔