ڈالر کی قیمت میں 15 روپے کی بڑی کمی
کراچی: امریکی ڈالر کی قدر میں اچانک بڑی کمی واقع ہوئی ہے، کئی روز کی اونچی اڑان کے بعد ڈالر کو ریورس گیئر لگ گیا۔
روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں بڑی کمی ہوگئی۔ انٹربینک میں ڈالر 14.34 روپے گھٹ کر 284.59 روپے کی سطح پر آگیا۔
اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 7 روپے گھٹ کر 292 روپے کی سطح پر آگیا۔
ملک میں تین روز سے جاری سیاسی کشیدگی، مختلف علاقوں اور شہروں میں پرتشدد مظاہروں کے بعد گرفتاریوں سے بگڑتی صورتِ حال نے ناصرف معاشی حالات کو مزید بگاڑ دیا ہے بلکہ روپیہ کو تاریخ ساز حد تک بے قدر کردیا ہے۔ گزشتہ 13 مہینوں میں روپیہ کی 63.45 فیصد ڈی ویلیوایشن ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستانی کرنسی کی قدر میں اس بڑی گراوٹ سے ملک میں آنے والے ہفتوں میں مہنگائی کی شرح مزید بڑھنے کے خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ملکی زرِمبادلہ کے ذخائر صرف 4.4 ارب ڈالر رہ گئے ہیں جب کہ معاشی اشاریے معیشت کا پہیہ سست ہونے کی نشان دہی کررہے ہیں۔