وزیراعظم ڈنمارک نے یورپی یونین اجلاس کے باعث اپنی شادی ملتوی کردی
کوپن ہیگن: وزیراعظم ڈنمارک میٹ فریڈرکسن نے آئندہ ماہ یورپی یونین کے اہم اجلاس کی وجہ سے اپنی شادی ملتوی کردی۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق یورپی یونین میں شامل ممالک کے سربراہان کا اجلاس 17 جولائی کو منعقد ہوگا اور کورونا وبا کے بعد یہ پہلی مرتبہ منعقد ہورہا ہے۔
اجلاس میں یورپی یونین کا بجٹ اور کورونا وائرس سے نمٹنے سے متعلق بات چیت کی جائے گی۔
ڈنمارک کی وزیراعظم میٹ فریڈرکسن کی شادی انہی تاریخوں میں طے ہے، تاہم اب انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اجلاس کی وجہ سے اپنی شادی ملتوی کررہی ہیں۔
میٹ فریڈرکسن نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ وزیراعظم ہونے کی حیثیت سے ان پر بڑی ذمے داری اجلاس میں شرکت کی ہے، اس لیے وہ اپنی شادی ملتوی کررہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے اپنا کام کرنا اور ڈنمارک کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کو اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ ان کے منگیتر نہایت صابر ہیں۔