کشمیری ساتھ ہیں تو بھارتی وزیر دفاع مظفر آباد آجائیں، شاہ محمود کا چیلنج
اسلام آباد: بھارتی وزیر دفاع کے من گھڑت بیان کا دوٹوک جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر وہ سمجھتے ہیں کشمیری ان کے ساتھ ہیں تو میں انہیں دعوت دیتا ہوں کہ مظفرآباد آجائیں۔
اپنے ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیر دفاع کے من گھڑت بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جتنا کشمیری آج بھارت سرکار سے متنفر ہے اتنا پچھلی سات دہائیوں میں نہیں تھا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ کشمیری ان کے ساتھ ہیں تو میں دعوت دیتا ہوں کہ مظفرآباد آجائیں، وہاں آکر دیکھ لیں کتنے کشمیری ان کی ہاں میں ہاں ملاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی وزیر دفاع مجھے یا عمران خان کو سری نگر آنے کی دعوت دیں، دیکھ لیتے ہیں کہ کتنے کشمیری ہماری بات پر توجہ دیتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مودی سرکار غلط فہمی کا شکار ہے، اس طرح دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔