بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 12 دہشت گرد جہنم واصل
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں خفیہ اطلاعات پر آپریشنز کے دوران 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے واشک اور مستونگ میں آپریشنز کے دوران 12 خوارجیوں کو ہلاک کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 5 اگست کو بلوچستان کے ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز نے 6 دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا، سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی میں فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 6 اگست کو مستونگ میں ایک اور کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں مزید 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کا ایک ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 5 اور 6 اگست کو کارروائیاں ‘ردالفتنہ 3’ کے تحت جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے سلسلے کا حصہ تھیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عزم استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔