تیزی سے مقبول ہونے والا ریاضی اور سائنس کا کم عمر استاد
نیویارک: کورونا کے باعث لاک ڈاؤن میں لوگ فضول وقت ضائع کرتے رہے، لیکن ایک نوعمر استاد نے بچوں کو پڑھانے کی ٹھانی اور ان کے لیکچرز کے فالوورز کی تعداد اب 6 لاکھ سے بھی تجاوز کرچکی ۔
نیویارک کے 16 سالہ الیکسس لورریز نے ٹک ٹاک کے غیرسنجیدہ پلیٹ فارم کو سائنس اور ریاضی کی سنجیدہ تدریس کے لیے استعمال کیا ۔ ٹک ٹاک رقص کے چیلنج اور مزاحیہ خاکوں سے بھرا ہوا ہے لیکن اسی پلیٹ فارم پر انہوں نے فروری 2020 سے تدریسی ویڈیوز جاری کرنا شروع کیں۔
اس نوعمر استاد کی خاص بات یہ ہے کہ وہ مختصر اور جامع اسباق تیار کرتے ہیں اور اب انہیں ٹِک ٹاک ٹیوٹر کا خطاب مل چکا ۔ واضح رہے کہ وہ نیویارک کے مشہور اسکول ہیرلم پریپ اسکول میں ریاضی کے 4 جی پی اے حاصل کرچکے ہیں۔
چند ماہ میں انہوں نے ریاضی، طبعیات، کیمیا اور جیومیٹری پر 100 سے زائد ویڈیو بنائی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ فیثاغورسی تھیورم، سائن، کوسائن، ایٹم، الیکٹرون اور ریڈوکس وغیرہ پر عام فہم انداز میں ویڈیو بناتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پیچیدہ ترین تصورات کو عام فہم انداز میں سمجھانے پر انہیں ملکہ حاصل ہے اور لوگوں نے اس فطین نوجوان کی اسی صلاحیت کو بہت سراہا ہے۔
اس کے علاوہ وہ SAT کی تیاری بھی کرواتے ہیں جن میں الجبرا اور جیومیٹری پر خاص توجہ دی گئی ہے۔ اب ان کے فالوورز کی تعداد چھ لاکھ 64 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔ ان کے شاگرد پوری دنیا میں موجود ہیں۔