ڈیل کرلیں ورنہ آپ کی جان کو خطرہ ہے، عظمیٰ خان
لاہور: معروف اداکارہ عظمیٰ خان نے کہا ہے کہ مجھے لوگ مشورہ دے رہے ہیں کہ صلح کرلیں ورنہ آپ کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ لوگ سمجھ رہے ہیں کہ میں ملک چھوڑ کر چلی گئ ہوں میں کہیں نہیں گئ میں یہی لاہور میں ہوں۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں آئی جی پنجاب سے درخواست کی کہ وہ اُن سے ملیں اور ان کا مسئلہ حل کروائیں۔
ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ لوگ مجھے کہہ رہے ہیں صلح کرلو، پیسے لے لو ورنہ تمھاری جان کو خطرہ ہے، تمھیں قتل کروادیا جائے گا یا کسی کیس میں پھنسا دیا جائے گا۔ میں آئی جی پنجاب سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ ایک بار مل لیں وہ جیسا کہیں گے میں ویسا کروں گی اگر وہ صلح کرنے کا کہیں گے تو میں صلح کرلوں گی۔
ویڈیو پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ مجھے وہ کیا مروائیں گے میں ویسے ہی مر گئی ہوں، پوری دنیا میں میری بدنامی ہوئی ہے۔ میں دو دن سے اپنے کمرے میں بند ہوں، میں نے اپنا فیسبُک اور انسٹا گرام بھی ڈیلیٹ کردیا ہے۔
یاد رہے کہ عظمیٰ خان کا تنازع آمنہ عثمان سے ہوا تھا، آمنہ عثمان نے چند خواتین کے ساتھ مل کر عظمیٰ خان کے گھر پر دھاوا بول دیا تھا اور اُس پورے واقعے کی باقائدہ سے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈالی گئ۔ عظمیٰ خان نے ملک ریاض پر الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ یہ خاتون ملک ریاض کی رشتے دار ہیں اور عظمیٰ خان کی جانب سے ایف آئی آر بھی ملک ریاض کی بیٹیوں کے خلاف کٹوائی گئی ہے۔