عمران کی اسپتال منتقلی: بہن کی توہین عدالت کی درخواست پر اعتراض ختم، نمبر الاٹ

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن عظمیٰ خان کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست پر رجسٹرار سپریم کورٹ کا اعتراض ختم کردیا گیا۔
بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر عمران خان کی بہن عظمیٰ خان نے حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔
درخواست میں عمران خان کو علاج کے لیے شفا اسپتال منتقل کرنے اور ان کے میڈیکل ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ سپریم کورٹ بھی آئے تھے تاکہ درخواست کو جلد سماعت کے لیے مقرر کروایا جاسکے۔ سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی کی بہن عظمیٰ خان کی توہین عدالت کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی تھی۔
ذرائع کے مطابق رجسٹرار آفس کے اعتراض میں کہا گیا تھا کہ درخواست گزار نے فریقین پر توہین عدالت کے الزامات کی فہرست فراہم نہیں کی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے اعتراض دُور کرکے درخواست دوبارہ دائر کردی گئی ہے اور رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے توہین عدالت کی درخواست کو نمبر بھی الاٹ کر دیا ہے، عظمیٰ خان کی توہین عدالت کی درخواست کو 8/2026 نمبر لگایا گیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔