ایڈہاک صدر پی ایچ ایف نے عہدہ سنبھالتے ہی کپتان عماد پر پابندی ختم کردی

لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر محی الدین وانی نے ذمے داریاں سنبھالتے ہیں کپتان قومی ہاکی ٹیم عماد بٹ پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر محی الدین وانی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ابھی جو بھی اقدام کروں گا، وہ شارٹ ٹرم بنیادوں پر کروں گا، ہاکی کے فروغ اور بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کردیے ہیں، اعتماد کی بحالی اور ٹیم مینجمنٹ کی ازسرِنو تشکیل نو پر کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوچنگ اور ٹریننگ کے نظام میں بہتری اور ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنایا جائے گا، کھلاڑی صرف ٹریننگ اور میچز پر توجہ دیں، انتظامی امور فیڈریشن سنبھالے گی، تمام فیصلے شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔
چارج سنبھالنے کے بعد ایک بیان میں محی الدین وانی نے کہا ہے کہ ورلڈکپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے لیے وقت بہت کم رہ گیا ہے، اس لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، آج یا کل سے تربیتی کیمپ کا آغاز کردیا جائے گا۔
ایڈہاک صدر کا کہنا تھا کہ کپتان عماد بٹ پر عائد پابندی ہٹانے کا اعلان کرتا ہوں، کھلاڑیوں سے ملاقات کرکے ہاکی کی بہتری کے لیے اہم فیصلے کروں گا۔
دھیان رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سابق صدر طارق بگٹی نے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ پر پابندی عائد کرکے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سرپرست اعلیٰ وزیراعظم شہباز شریف نے پی ایچ ایف کے صدر طارق بگٹی کا استعفیٰ منظور کرلیا تھا۔
حکومتی فیصلے کے تحت محی الدین احمد وانی سیکریٹری وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کو فیڈریشن کا ایڈہاک صدر مقرر کیا گیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔